بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت کے ذمہ دار 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 18 اور 19 اگست کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کاررائی کی، شدید جھڑپ میں بلوچ لبریشن آرمی کے تین دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا جبکہ تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے امن دشمن علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گرد 12 اگست کو پنجگور کے ڈپٹی کمشنرذاکر علی کی شہادت کے بھی ذمہ دار تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن سے اس گھناؤنے فعل کا بدلہ لے لیا، اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لے آئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔