عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا 28 اگست تک کا شیڈول جاری کر دیا تاہم فی الحال ایجنڈے میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔
پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج کی حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دی جانا تھی تاہم ایجنڈے میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں شیڈول سے ہٹ کر ہی ایجنڈا شامل کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو ہوا تھا۔ وزیر خزانہ بورڈ میٹنگ رواں ماہ کے آخر میں ہونے کا امکان ظاہر کرچکے ہیں۔ حکام وزارت خزانہ کے مطابق اسٹاف لیول معاہدے کے بعد ایگزیکٹو بورڈ اجلاس چار سے 6 ہفتوں میں ہوتا ہے۔ آئی ایم ایف کا پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کا نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا۔