عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے جہاں الیکشن چوری ہوں وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا ۔
کراچی میں پارٹی منشور کی تقریب سے خطاب میں سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں اصل مسئلہ آئی پی پیز کا نہیں بلکہ معیشت کی ناکامی ہے، معیشت کا جو حال 10 سال پہلے تھا آج بھی وہی ہے۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ جہاں الیکشن چوری ہوں وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا ، دنیا کا ہر نظام آزما لیا ہے اب آگے بڑھنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ آئین پر عمل کیا جائے ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لیڈرشپ اب بھی اپنے مفاد کیلئے بیٹھی ہے، حکومت چلانی ہے تو عوام کو آگے رکھنا ہوگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے منشور تقریباً ایک جیسے ہوتے ہیں، عوام پاکستان پارٹی نے مسائل اور ان کا حل بتایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر پاکستانی پریشان حال ہے اور سب سوال کرتے ہیں ملک کا کیا بنے گا ؟ ۔