متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نےگورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق خبروں پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے،گورنر ایم کیو ایم کاہے،گورنرسندھ کےحوالے سےفیصلہ ایم کیوایم سے مشاورت کے بغیر نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق خالد مقبول صدیقی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہویاکوئی اور مذاکرات کیلئے جانا چاہئے،یہی واحد راستہ ہے،جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا اوربجلی مزید مہنگی ہوگئی،یہ واحد دھرنا تھا جو سستی بجلی سے شروع ہوا اور مہنگی بجلی پر ختم ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 کروڑ سے زائد نفوس کے شہر کو اگر گن لیا جائے تو یہ دنیا کا سب سے بڑا شہر ہے، سب جانتے ہیں پورا ہندوستان اُجڑا تھا تو کراچی آباد ہوا تھا،جنہوں نےپاکستان بنایاتھا ان کی اولادیں ہی اس ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ اس ملک کے پاس اور کوئی آپشن نہیں بچا ہے،کراچی کو سرسبز بنانے کی کوشش کبھی نہیں کی گئی،قومی شجر کاری ایم کیو ایم کی ہمت اور ہمدردوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔
رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے گلشن اقبال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پورے ملک کے بجٹ کا65فیصد حصہ دیتا ہے،اس شہرکی ذمہ داری کی بدولت سرکاری تنخواہیں دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شہرکی بدولت ملک کے حکمران پلتے ہیں مگرپلٹ کر ادھر دیکھتے نہیں، آج بھی اس شہر کراچی کی گونج سے لوگ پریشان ہیں،یہ شہران کی اولادوں کاہےجنہوں نے ملک کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑا تھا۔