کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے پر دوران ڈکیتی لوٹی گئی رقم پر ڈاکو لڑ پڑے۔ 3 ڈاکوؤں نے ساتھی کو گلا دباکر قتل کرکے لاش گٹر میں پھینک دی۔ پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کراچی میں ڈکیتی کے پیسوں پر ڈاکو لڑ پڑے، اپنے ہی ساتھی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا، مقتول باقر پچیس مئی سے لاپتہ ہوا تو بھائی نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے تفتیش کی تو دوستوں پر شبہ ہوا، اور پھر عبدالمالک نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ چاردوست ملکر وارداتیں کرتے تھے، تاجر سے 28 لاکھ روپے لوٹے جس پر جھگڑا ہوا، شہزاد اور ماموں کے ساتھ ملکر باقر کا گلہ دبایا اور لاش سرجانی ٹاؤن کے گٹر میں پھینک دی۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر لاش برآمد کرلی اور کہا کہ ملزم کے دیگر دو ساتھیوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔