وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے مہنگے پاور پلانٹس کو ریٹائر کیا جائےگا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی،
وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی قیمتوں کو کم کریں گے، ایم کیو ایم وفد کو بجلی کی زیادہ قیمتوں پر تحفظات تھے،ایم کیو ایم وفد کو ساری صورتحال پر بریفنگ دی ہے،گوہر اعجاز کو کیپسٹی پیمنٹس کے معاملے کا پتہ ہی نہیں ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ چین کیساتھ شعبہ توانائی کےقرض کو ری شیڈول کرنے میں پیشرفت ہوئی ہے،اس حوالے سے جلد اچھی خبر ملے گی ، کیپسٹی پیمنٹس میں اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں گراوٹ ہے۔
اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت آئی پی پیز کے معاملے پر سنجیدہ کام کررہی ہے، پاور سیکٹر میں ریفارمز لارہے ہیں، آئی پی پیز یا نو آئی پی پیز؟حکومت کا پورا ارادہ ہے کہ بجلی قیمتیں کم کرنی ہیں، دھرنے اور پریس کانفرنس کی بجائے سنجیدہ کام کرنا ہے، قانونی پیچیدگیاں بھی ہیں، تمام امورکا تفصیلی جائزہ لےرہے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے گوہر اعجاز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گوہراعجاز اپنی سپریم کورٹ بھی بنا لیں، تواُن کی کسی کو سجھ نہیں آئے گی،2018 کے بعد روپے کی قدر گرنا، شرح سود میں اضافہ کیپسٹی پیمنٹس کی وجہ ہے، چین اورپاکستان نے کوئلے کے پلانٹس کو مقامی کوئلے میں تبدیلی پر اتفاق رائے کیا ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم وفد کو پاورسیکٹرمیں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی ہے، وفاقی حکومت بجلی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے مہنگے پاور پلانٹس کو ریٹائر کیا جائےگا، امپورٹڈ کوئلے کے پلانٹس کو لوکل کوئلےپر منتقل کیا جائے گا۔