شہر قائد میں آج سے آئندہ 5 دن تک موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون کا چوتھا اسپیل برسنے کو تیار ہے، راجستھان سے بارش برسانے والا سسٹم کراچی کی جانب بڑھنے لگا۔ مذکورہ سسٹم کے زیر اثر شہر میں آئندہ5روز میں موسلا دھاربارشوں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری نئے الرٹ کے مطابق طاقتورمون سون ہواؤں کا سلسلہ مسلسل بھارتی راجستھان اوربحیرہ عرب سے سندھ پراثراندازہورہا ہے جس کے باعث آج کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش ہونے کی توقع ہے۔
جیکب آباد، شکارپور، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، نوشہروفیروز، شہید بے نظیرآباد سمیت دیگراضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ مذکورہ دورانیے میں حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اورتھرپارکر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسلادھاربارشوں کی وجہ سے خیرپور، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، نوشہر و فیروز، دادو، جامشورو کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
کیرتھراورملحقہ بلوچستان کی پہاڑی، ندی نالوں کی وجہ سے قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، جامشورو میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، آندھی اورگرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹکچر، کچے گھروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔