دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑنے کےلیے حکومت کو دوبارہ نیشنل سی ٹی ڈی بنانے کی تجویز دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) کی زیر نگرانی نیشنل سی ٹی ڈی کے قیام پر دوبارہ غور شروع کردیا گیا، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں سی ڈی ٹی اہلکاروں کو ڈیٹا انیلیسز کورس کروائے جائیں گے۔ سرحدی علاقوں کی سرویلئنس بھی بہتر بنائی جائے گی۔
جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹریٹ بنانے کی تجویز پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے دہشت گردی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ نیشنل سی ٹی ڈی وفاق کی سطح پر بنایا جائے جس سے نیشنل اور انٹرنیشنل کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی موثر ہوسکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو تجویز دی گئی کہ وفاق میں بھی نیشنل سی ٹی ڈی کے اپنے تھانے ہوں گے اور صوبائی سی ٹی ڈی اپنے طور پر کارروائیاں جاری رکھ سکے گی جب کہ نیشنل سی ٹی ڈی ملک بھر میں کارروائیاں کرسکے گی۔ نیشنل سی ٹی ڈی کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے کا تخمینہ ہے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نیشنل سی ٹی ڈی دہشتگردی کے خلاف ایک مؤثر ادارہ ہوگا۔