وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صرف جیت کا ہی آپشن ہے، دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ قوم کے اتحاد اور اتفاق سے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن عامہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ سے لیس کررہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا فرنٹ لائن پر ہے۔ خیبرپختونخوا کے بہادر سپوتوں نے شجاعت کی تاریخ اپنے لہو سے لکھی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صرف جیت کا ہی آپشن ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ قوم کے اتحاد اور اتفاق سے کریں گے۔