وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج نہ ہوسکا۔
راولپنڈی میں لیاقت باغ کے سامنے جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت سوچ رہی تھی ہم آئیں گے اور چلے جائیں گے، ہم ایسے نہیں جائیں گے اپنا حق لے کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلان کرتا ہوں حکومت کچھ بھی کرلے، دھرنا ختم ہونے والا نہیں۔
وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان دھرنے کے 9 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ حوالے سے مذاکرات کا دوسرا دور آج ہونا تھا جو نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے جماعت اسلامی کے مطالبات پر تکنیکی کمیٹی قائم کردی ہے۔
حکومت کی تکنیکی کمیٹی میں 4 سے 5 ارکان شامل ہوں گے جو کہ سیکرٹری پاور، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے نمائندے ہیں۔
تکنیکی کمیٹی جماعت اسلامی کے مطالبات پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا اگلا دور کل متوقع ہے۔