بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فچ نے معاشی صورت حال میں بہتری کے باعث پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کر دی۔
معاشی درجہ بندی کے عالمی ادارے فچ نے معاشی صورت حال میں بہتری کے باعث پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی سے بڑھا کر ٹرپل سی پلس کردی۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے حالیہ پروگرام سے مالی خسارے اور زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئی تاہم نئے قرض پروگرام کے تحت ٹیکس اور توانائی شعبے میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح موجودہ 9 سے بڑھا کر 12 فیصد کرنا ہدف ہے۔
فچ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بااثر زرعی شعبے پر ٹیکس بڑھانے کیلئے صوبائی سطح پر قانون بنانا ہوگا، پاکستان کو سرکاری اداروں میں موجودہ دیرینہ کمزوریوں سے بھی نمٹنا ہوگا، لچک دار ایکسچینج ریٹ، مانیٹری پالیسی کے فریم ورک میں بہتری لانا ہوگی، رپورٹ
واضح رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں فچ نے پاکستانی معیشت اور سیاسی استحکام سے متعلق بھی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق موجودہ حکومت 18 ماہ قائم رہ سکتی ہے اور اس کے بعد ٹیکنوکریٹس کی حکومت بن سکتی ہے جبکہ عمران خان مستقبل قریب میں جیل میں رہ سکتے ہیں۔
فچ کے مطابق مالی سال 2024 میں سٹیٹ بینک آف پاکستان شرح سود 20.5 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد تک لا سکتا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ روپے کی قدر میں نسبتاً استحکام رہنے کے زیادہ امکانات ہیں۔