خارجی دہشتگرد نور ولی محسود اور احمدحسین عرف غٹ حاجی کی لیک خفیہ کال کے خلاف قانونی کارروائی اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی۔
سی ٹی ڈی ضلع شمالی وزیرستان میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کےعلاقے کِری شموزئی میں دیہی ہیلتھ سنٹر پر خوارج کے حملوں کیخلاف انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان میں مقدمے کا اندراج کر دیا گیا۔
حال ہی میں خارجی نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی خفیہ کال منظر عام پر آئی تھی ۔ جس میں نور ولی محسود ، احمد حسین عرف غٹ حاجی کو پاکستان میں سرکاری املاک خصوصاَ اسکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کی ہدایات دے رہا ہے۔
اس کال کے بعد خوارج نے ڈی آئی خان کےعلاقےکِری شموزئی میں واقع دیہی ہیلتھ سنٹر، میر علی میں گرلز سکول اور ٹانک میں ضعیف استاد کی ٹارگٹ کلنگ جیسے دہشتگردانہ حملےکئے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نےفوری ایکشن لیتے ہوئے خفیہ کال کا فرانزک ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت ثابت ہوا ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ فتنہ الخوارج کو نام نہاد شریعت کے لبادے میں چھپ کر مکروہ حرکات کرنے اور معصوم عوام کا خون بہانے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔