بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر محمد شامی کے قریبی دوست امیش کمار نے انکشاف کیاہے کہ محمد شامی جب مسلسل مشکل حالات کا سامنا کر رہے تھے تو اس دوران خودکشی کی کوشش بھی کی تھی ۔
تفصیلات کے مطابق محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں کے ساتھ طلاق ہو چکی ہے لیکن گھریلو تنازعات کے باعث ان کی زندگی لمبے عرصے تک سرخیوں کی زینت بنی رہی ۔
33 سالہ محمد شامی کا تعلق اترپردیش سے ہے، محمد شامی اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے، ان کی اہلیہ نے ان کے خلاف گھریلو تشدد اور میچ فکسنگ سے متعلق پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
محمد شامی مذکورہ الزامات سے بری ہوچکے ہیں تاہم ان کے دوست امیش کمار نے اب دوبارہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ ایک پوڈ کاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیش کمار نے انکشاف کیا کہ جن دنوں محمد شامی مشکل حالات کا سامنا کررہے تھے تو اس وقت انہوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔
امیش کمار نے کہا، ’شامی کو ان دنوں متعدد مشکلات کا سامنا تھا، وہ میرے گھر پر رہتا تھا لیکن جب پاکستان کے ساتھ میچ فکسنگ کے الزامات منظرعام پر آئے تو شامی بکھر کر رہ گیا تھا، اس رات شامی نے کہا تھا کہ وہ سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن اپنے ملک کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام ناقابل برداشت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ خبروں میں یہ بھی آیا کہ اس رات شامی کوئی سنگین قدم اٹھانا چاہتا تھا۔’اس رات 4 بجے میں پانی پینے کے لیے کچن میں جارہا تھا تو میں نے شامی کو بالکونی میں کھڑے پایا، میرا گھر بلڈنگ کی 19ویں منزل پر تھا۔‘
امیش کمار نے کہا کہ وہ رات شامی کی زندگی کی طویل ترین رات تھی، بعد میں ایک دن اس کے فون پر ایک میسج آیا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے اس کا نام کلیئر کردیا ہے، اس دن وہ اتنا خوش تھا کہ جیسے اس نے ورلڈ کپ جیت لیا ہو۔
انڈیا کے اسٹار فاسٹ بولر محمد شامی کو اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران کئی مشکلات کا سامنا رہا۔ محمد شامی نے گزشتہ 3 ایک روزہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں انڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی ذاتی زندگی میڈیا کی زینت بنی رہی۔