انٹراپارٹی الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن نے بیرسٹرگوہرعلی کی دستاویزات جمع کروانے کی مہلت منظور کرلی۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرعلی کی دستاویزات جمع کروانے کی مہلت منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ ممبرخیبرپختونخوا نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی اب ایک ادارہ نہیں ہے۔ جاننا چاہتے ہیں وہ کون سی اتھارٹی ہے جس نے پارٹی الیکشن کروائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا تحریک انصاف کے حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا کوئی اعتراض نہیں آیا۔ صرف چند تکنیکی اور قانونی سوالات ہیں۔ جن کا جواب ہم دیں گے۔ بیرسٹرگوہرنے الیکشن کمیشن سے دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت مانگتے ہوئےمؤقف اختیار کیاکہ سینٹرل سیکرٹریٹ سے پولیس تمام دستاویزات حتی کہ واٹر ڈسپنسر بھی اٹھا کر لے گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔