بھارتی کاروباری شخصیت اور ریلائنس کے مالک مکیش امبانی نے بیٹے اننت امبانی کی شادی پر 5 ہزار کروڑ روپے کا خرچہ کیا لیکن اس کے بدلے انہوں نے کئی گنا کما بھی لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی کی شادی کے دنیا بھر میں چرچے رہے جس کی تقریبات 7 مہینے تک جاری رہیں ، تاہم 12 جولائی کو ہونے والی شادی کی تقریبات 14 جولائی تک جاری رہیں جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ، سابق برطانوی زیراعظم ٹو نی بلیئر ، سام سنگ کے چیئرمین لی جائے ینگ اور بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے شرکت کی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آننت امبانی کی شادی میں بے پناہ اخراجات کرنے کے باوجود مکیش امبانی کی دولت میں کمی نہیں ہوئی بلکہ اس شادی کے بعد ان کی دولت میں مزید 25 ہزار کروڑ انڈین روپے (تقریباً 3 ارب ڈالرز) کا اضافہ ہوا ہے۔
بلوم برگ بلین ایئر انڈیکس کے مطابق، 5 جولائی کو مکیش امبانی کی دولت کا تخمینہ 118 ارب ڈالرز تھا، 12 جولائی تک ان کی کل دولت اور اثاثوں کا تخمینہ 121 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نئی بہو رادھیکا مرچنٹ کے آتے ہی سسر مکیش امبانی کی دولت میں 3 ارب ڈالرز یعنی 25 ہزار کروڑ بھارتی روپے کا اضافہ ہوگیا۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق 5 جولائی کو امبانی کے اثاثوں کی مالیت 118 ارب ڈالرز تھی تاہم 12 جولائی کو اثاثے 121 ارب ڈالرز ہوگئے اور وہ ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 12 جولائی کو بیٹے کی شادی کے دن ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرز کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ہوا جس کے باعث ان کے اثاثے بھی بڑھ گئے جبکہ گزشتہ ایک ماہ میں ان کے شیئرز کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا۔