کولمبو میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے جس میں پاکستان کی جانب سے محسن نقوی شریک ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 108 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
اعلامیے میں کہا گیاہے کہ کولمبو میں ہونے والے اجلاس میں آئی سی سی ٹی ٹوئینٹی ورلڈکپ کے معاملات کا جائزہ لیاگیا، ٹیم ڈائریکٹر راجر ٹوس، لاسن نائیڈو اور عمران خواجہ آئی سی سی کو سال کے آخر تک اپنی رپورٹ جمع کرائیں گے جبکہ امریکی کرکٹ بورڈ اور کرکٹ چلی کو اپنے معاملات بہتر بنانے کے لیے 12 مہینے کی مہلت دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئینٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے 8 ریجنل کوالیفائنگ سپاٹس کی منظوری دے دی گئی، افریقہ اور یورپ سے 2، 2 ٹیمیں ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کریں گی، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ 2030 کے لیے ٹیموں کو 12 سے بڑھا کر 16 کر دیا گیا، ٹی ٹوئینٹی ویمنز ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے کی حتمی تاریخ 31 اکتوبر 2024 مقرر کر دی گئی۔پال ریفل کو آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی میں ایلیٹ پینل کے نمائندے کے طور پر شامل کیا گیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہناہے کہ آئی سی سی اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی ہے ، چیمپئینز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری آئی سی سی میٹنگز کے آخری روز دی گئی، چیمپئینز ٹرافی کے لیے بجٹ پی سی بی اور آئی سی سی نے تیار کیا ہے ، آئی سی سی کے اجلاس میں چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے شرکت کی۔