ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں موجود تمام پاکستانی طلبا اور سفارتی عملہ محفوظ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے بیان میں بتایا کہ کچھ دیر قبل ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر سے فون پر رابطہ ہوا۔ بنگلہ دیش میں موجود تمام پاکستانی طلبا اور سفارتی عملہ محفوظ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہائی کمشنر بنگلا دیش میں موجود پاکستانی طلبا سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
دوسری طرف بنگلہ دیش میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبا کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں۔ ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ اڑتالیس پاکستانی طلبا ڈھاکہ میں موجود ہیں۔ چٹاگانگ میں 31، میمن سنگھ میں 9 ،کومیلا میں 8 اور راج شاہی میں 7 پاکستانی طلبا پھنسے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سلہٹ ،بوگرا اورغازی پور میں چار، چار منی گنج میں دو جبکہ دیناج پور اور رنگپور میں ایک ایک پاکستانی طالب علم موجود ہے۔