وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چینی کمپنی ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلباء کی تربیت سے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی ،وزیر اعظم نے خواتین اور بلوچستان کے نوجوانوں کو تربیتی پروگرام کا ترجیحی حصہ بنانے کا اعلان بھی کیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ہواوے پاکستان کے چار رکنی وفد نے ملاقات کر کے پاکستان کی قومی کلاؤڈ اسٹریٹجی سے ہم آہنگ نیشنل ڈیٹا سینٹر بنانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ۔
وفد نے بریفنگ میں بتایا نیشنل ڈیٹا سینٹر کے قیام سے بہتر کلاؤڈ سروسز کی فراہمی یقینی ہو جائے گی اور کثیر زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔
وزیر اعظم نے کہا حالیہ دورہ چین میں ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا، باصلاحیت افرادی قوت کی مضبوط بنیاد قائم کرنے سے ہی ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں ہواوے کے پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے خودکار، جدید اور تیز تر گورننس کیلئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت قرار بھی دی ۔
وفد نے اسلام آباد کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کی خواہش ظاہر کی، کہا اس منصوبے کے تحت ٹریفک، صحت اور تعلیم کی خدمات سے لے کر پارکنگ وغیرہ جیسے دیگر سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر میسر ہوں گی ۔