وفاقی بجٹ کے تین ہفتے کے بعد بھی ملک میں مہنگائی کا زور جاری ہے اور ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 0.76 فیصد بڑھ گئی ہے ۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے ، جس کے مطابق مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 24 اعشاریہ 36 فیصد ہوگئی ہے ، ایک ہفتے کے دوران 29 اشیاء مہنگی ،صرف 5 کے نرخ کم ہوئے،ایک ہفتے کے دوران چکن فی کلو 38 روپے 29 پیسے مہنگا ہوا،مرغی کی فی کلو قیمت 373 سے بڑھ 412 روپے تک پہنچ گئی۔
390 گرام خشک دودھ 44 روپے 89 پیسے مہنگا ہوگیا،رواں ہفتے کے دوران پیٹرول فی لیٹر 10 روپے تک مہنگا ہوا،ایک ہفتے میں انڈے فی درجن 6 روپے 78 پیسے ، لہسن فی کلو 10 روپے 42 پیسے ریٹ بڑھ گیا ۔دالیں،تازہ دودھ، چینی،چاول اور دہی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
ایک ہفتے کے دوران سستی ہونے والی چیزوں میں ٹماٹر فی کلو 7 روپے 29 پیسے ، کیلے 3 روپے 62 پیسے سستے ہوئے ۔پیاز،دال مسور اور ایل پی جی سستے ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں ۔ڈبل روٹی،کوکنگ آئل، چائے کی پتی سگریٹ سمیت 17 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔