بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی نے اپنے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی پر پیسہ پانی کی طرح بہایا اور بیرون ملک سے فنکاروں کو بلایا گیا جن پر کروڑوں روپے لٹائے گئے لیکن آخر کار جب ملازمین کو تحائف دینے کی باری آئی تو اونچی دکان پھیکا پکوان والی کہاوت سچ ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق مکیش امبانی نے شادی پر آنے والے مہمانوں پر تحائف کی بارش کی ، دلہے کے دوستوں کو دو کروڑ روپے کی قیمتی گھڑیاں تحفے میں دیں تو دوسروں کو سونے کی چینز بھی دی گئیں لیکن جب ملازمین کی بار آئی تو انہیں چند ہزار کا تحفہ تھماکر اپنے گلے سے ذمہ داری اتار دی ۔
مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لئے آئے مہمانوں کا شکریہ ادا کرنے کے لئے امبانی فیملی کی جانب سے بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے 25 قریبی دوستوں کو 2 کروڑ کی مہنگی گھڑی سے نوازا ہے، جن فنکاروں کو ریٹرن گفٹ ملے ان میں اداکار شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ بھی شامل ہیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے دیگر تمام مہمانوں کو فرانسیسی لگژری برانڈ لوئس ووٹن کے بیگز، سونے کی چین، ڈیزائنر چپل جوتے، چاندی کے بروچز، آرام دہ قیمتی نائٹ ویئر، سن رائز کینڈل کی خصوصی موم بتیاں، بنارسی اور کشمیری کام والی ساڑھیاں وغیرہ بطور تحائف پیش کیں۔
وہیں ریلائنس کے ملازمین کو بھی اس موقع پر تحفے کا ڈبہ ملا ملازمین نے موصول ہونے والے گفٹ باکس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
View this post on Instagram
ملازمین کو ملنے والے سرخ رنگ کے تحفے کے ڈبے پر لکھا ہے کہ ’ہمارے دیویوں اور دیوتاؤں کے فضل کے ساتھ، ہم اننت اور رادھیکا کی شادی کا جشن منارہے ہیں، نیک خواہشات کے ساتھ، نیتا اور مکیش امبانی‘۔
لیکن جوں ہی ڈبہ کھولا جاتا ہے تو اس میں سے مہنگے تحائف کے بجائے ڈبے کے اندر بھارتی مقبول برانڈ ہلدی رام کی مختلف اقسام کی نمکو کے چار پیکٹ، مٹھائیوں کا ایک ڈبہ اور ایک چاندی کا سکہ ہی نکلتا ہے۔نمکو کے پیکٹوں میں ہلدی رام کی آلو بھجیا سیو اور لائٹ چیوڑا شامل ہے۔
ملازمین کو دیئے جانے والے تحفہ پر سوشل میڈیا صارفین برہمی کا اظہار کر رہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ بڑے لوگوں کو مہنگا گفٹ اور ملازمین کو صرف مٹھائی ؟