فچ بزنس مانیٹر انٹرنیشنل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال معیشت کو ڈی ریل کر سکتی ہے۔
فچ بزنس مانیٹر انٹرنیشنل نے پاکستان کنٹری رسک رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی بحالی کو نازک صورتحال کا سامنا ہے اور شہری علاقوں میں احتجاج معاشی سرگرمیوں کو متاثر جبکہ سیاسی صورت حال معیشت کو ڈی ریل کر سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کئی کامیاب قانونی اپیلوں کے باوجود بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) مستقبل قریب تک قید میں رہیں گے۔
مخلوط حکومت آئندہ 18 مہینے یا اس سے آگے تک اقتدارمیں رہے گی اور حکومت تبدیل ہوئی تو ملک میں نئے انتخابات نہیں ہوں گے۔
فچ بزنس مانیٹر انٹرنیشنل کے مطابق ممکنہ متبادل کے طور پر ٹیکنو کریٹک انتظامیہ اقتدار میں آئے گی۔
رواں مالی سال پالیسی ریٹ 16 فیصد اور اگلے سال 14 فیصد تک آسکتا ہے جبکہ ایکسچینج ریٹ میں توقعات سے زیادہ استحکام آیا ہے۔
رپورٹ نے موجودہ سال کے اختتام تک ڈالر 290 روپے جبکہ 2025 میں 310 روپے تک جانے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت بجٹ اہداف کا حصول مشکل قرار دیا گیا ہے البتہ مالی خسارہ 7.4 فیصد سے کم ہو کر 6.7 فیصد پر آنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک اور ممکنہ سیلاب یا قدرتی آفت معیشت کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔