صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ آج کا دن باطل کے سامنے ڈٹ جانے، حق بات کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ شہادت سیدنا حضرت امام حسینؓ میں اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔
یوم عاشورہ ، 10 محرم الحرام کے موقع پر پیغام میں وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ نواسہ رسولؐ نے جرأت و شجاعت کی وہ تاریخ رقم کی جس پر انسانیت ہمیشہ فخر کرے گی، حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ پوری امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔
وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عاشورہ ہمیں درس دیتا ہے کہ عظیم مقاصد کی خاطر قربانیاں بھی بڑی دینا پڑتی ہیں۔ سیّدنا امام حسینؓ نے اپنے عمل سے اُسوہ پیغمبریؐ کی پیروی کی اعلیٰ مثال قائم کی، آج کے دن ہم سب کو باہمی اتحاد، یگانگت اوربھائی چارے کاعہد کرنا ہوگا، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسوہ حضرت امام حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔