عمان میں امام بارگاہ پر دہشت گرد حملے میں دو پاکستانیوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
پاکستانی سفیر عمران علی نے سماء سے گفتگو میں بتایا کہ حملے میں 70 کے قریب پاکستانی زخمی بھی ہوئے۔ 30 سے 40 پاکستانی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ عمان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق واقعہ مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں امام علی مسجد میں پیش آیا، جہاں مجلس عزا جاری تھی اور 700 سے زائد افراد موجود تھے، مسجد میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی حکام اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم حملہ آوروں کی تعداد اور ہلاکت سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ فورس نے مشرقی مسقط کی مسجد میں ابتدائی طور پر چار ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاع دی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے، صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، اور حکام اس واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کررہے ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔