عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مشکل اصلاحات کو مسلسل نافذ کرنے کا مضبوط انتخابی مینڈیٹ نہ ہونا خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی پاکستانی معیشت سے متعلق رپورٹ جاری کری، موڈیز کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پاکستان کیلئے فنڈنگ کے امکانات میں بہتری آئے گی۔ نیا آئی ایم ایف پروگرام فنانسنگ کے معتبر ذرائع فراہم کرے گا۔ ان میں دیگر دوطرفہ ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ کا حصول شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی وجہ سے سماجی تناؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، زیادہ ٹیکسوں اور توانائی کے نرخوں میں مستقبل کی ایڈجسٹمنٹ اصلاحات پر دباؤ ڈال سکتی ہے، مشکل اصلاحات کو مسلسل نافذ کرنے کا مضبوط انتخابی مینڈیٹ نہ ہونا خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی بیرونی پوزیشن اب بھی نازک ہے، بلند بیرونی مالیاتی ضروریات کے ساتھ اگلے تین سے پانچ سال پالیسیوں میں مشکلات درپیش ہوں گی، کمزور گورننس اور اعلیٰ سماجی تناؤ حکومت کی اصلاحات کو آگے بڑھانے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتا ہے۔
موڈیز کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کی ضروریات تقریباً 21 ارب ڈالر ہیں، مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً 23 ارب ڈالر کی مالی ضروریات درپیش ہیں، پاکستان کے پاس 9.4 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر اس کی ضروریات سے کافی کم ہیں۔