بلوچستان شیعہ کانفرنس کی زیرصدارت ماتمی جلوس امام بار گاہ سجادیہ سے برآمد ہوگا جو سیٹلائیٹ ٹاون ، منی مارکیٹ اور دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ سجادیہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا ۔
جلوس کی حفاظت کے لیے پولیس ، اے ٹی ایف اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہوگی ۔ ہزارہ ٹاون کے مختلف علاقوں سے بھی نو محرم الحرام کے سلسلے میں ماتمی جلوس برآمد ہوں گے ۔اس کے علاوہ کوئٹہ کے مختلف مقامات پار چھوٹے بڑے پیمانے پر عزاداری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مجالس بھی برپا کی جارہی ہیں۔اس موقع پر علماء کرام کا کہنا ہے کہ شہادت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ انسانی تاریخ کا وہ عظیم واقعہ ہے جو رہتی دنیا تک زندہ و تابندہ رہے گا ، تاریخ اس واقعے کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی ۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسفہ حسینی پر عمل پیرا ہوکر باطل قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ملک کے اندر تمام تمام طبقات میں ہم آہنگی موجود ہے۔ ہمیں اسلام کے عادلانہ چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور فلسفہ شہادت کی اصل روح کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امام حسین اور اہل بیت کے کردار کو عام کرکے ہمیں امن اور رواداری کی فضاء کو قائم کرنا ہوگا۔