مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں قوم کو تمام مشکلات سے نجات دلائیں گے۔
ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر سیاسی تقریر نہیں بلکہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا مکمل پلان پیش کریں گے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن ) کے پاس بہترین ٹیم اور لیڈر شپ ہے، نواز شریف کی قیادت میں پہلے بھی ملک کو بجلی کے بدترین بحران اور دہشت گردی سے چھٹکارہ دلایا تھا اور آئندہ بھی قوم کو تمام مشکلات سے نجات دلائیں گے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، آئندہ انتخابات کا بیانیہ عام آدمی کی زندگی میں آسانیں پیدا کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو 2013 اور 2018 کا الیکشن لڑانے کے لئے فارن فنڈنگ سمیت دیگر کیسز کو جان بوجھ کر نہیں سنا گیا اور ان کیسز کو التوا میں رکھا گیا۔