مسلم لیگ ن کے رہنما انجم عقیل خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کا سپریم کورٹ کا فیصلہ قوم نےتسلیم نہیں کیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی قوم کیلئے تشویشناک ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما انجم عقیل خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جرگہ ہوتو ایک مسئلہ دیکھا جاتا ہےاوراسی کا حل نکالا جاتا ہے، یہاں تو جو چیز مانگی ہی نہیں گئی وہ دے دی گئی ہے۔
انجم عقیل خان کا کہنا تھا کہ قانون ہے کہ ایک پارٹی کو3 روز میں جوائن کرنا ہوتا ہے،فیصلہ کہاں ہے اور قانون کہاں ہے؟ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی قوم کیلئے تشویشناک ہے ، ایک شخص اقرار نامہ دےچکا کہ وہ سنی اتحادکونسل کا رکن ہے، اب تحریک انصٍاف کے رکن بنائے جارہے ہیں ۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اس سے عدم استحکام آئے گا، بتایا جائے کہ آئین کہاں جائے گا ؟ کیا آزاد امیدوار 2 پارٹیوں کا رکن ہوسکتا ہے ؟ فلور کراسنگ نہیں کی جاسکتی ،اب کیوں فلور کراسنگ کی راہ ہموار کی، جو ریلیف تحریک انصاف کو دیا گیا ،مستقبل میں کسی اور کو بھی ملے گا۔
انجم عقیل نے حکومت کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت 5 سال پورے کرے گی، سیاسی قوتیں اکٹھی نہیں ہورہیں، عدالت پر اعتماد ہے لیکن فیصلوں میں تسلسل ہونا چاہیے ،طلاق کے بعد عدت ہوتی ہے، یہ سب لوگ جانتے ہیں، جمہوری حکومت ہیں ہم کوئی غیرآئینی بات نہیں کریں گے۔