سویڈن سے تعلق رکھنے والے بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے ماہر سائنسدان ڈاکٹر مو سیگاڈ نے گرین پاکستان انیشیٹو (جی پی آئی) ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر مو سیگاڈ کو ایس آئی ایف سی کے تحت قائم کئے گئے گرین پاکستان انیشیٹو کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی جن میں زراعت، لائیو سٹاک اور ٹورازم شامل ہیں۔
بریفنگ کے دوران لینڈ انفارمیشن اینڈمینجمنٹ سسٹم کے جاری کردہ منصوبوں کے بارے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر مو سیگاڈ کو بتایا گیا کہ گرین پاکستان انیشیٹو صحرا چولستان کی بنجر اراضی کو زیر کاشت لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جس کا ہدف اگلے چند برسوں میں 40 لاکھ ایکٹر سے زائد رقبے کو زیر کاشت لانا ہے۔
ڈاکٹر مو سیگاڈ پاکستانی زراعت کے شعبے سے بے حد متاثر ہوئے اور گرین پاکستان انیشیٹو کے ساتھ مل کر ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے ذریعے زراعت کے فروغ کیلئے کام پرآمادگی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گرین پاکستان انیشیٹو پاکستان میں زراعت کے فروغ کیلئے کام میں مشغول ہے جس کا مقصد پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانا اور وسائل کے استعمال میں بچت کرنا ہے۔