جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر جنوبی وزیرستان میں آپریشن کیا جس کے دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں 30 سالہ سپاہی اسد اللہ کا تعلق ضلع مٹیاری اور 28 سالہ سپاہی محمد سفیان کاتعلق ڈی آئی خان سے ہے جبکہ 24 سالہ جوان زین ضلع بہاولنگر کے رہائشی ہیں۔
علاقے میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔