کراچی کے علاقے کریم آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس ( ڈی ایس پی ) علی رضا کو شہید کردیا۔
اتوار کو صوبائی دارالحکومت کے علاقے کریم آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے افسر ڈی ایس پی علی رضا شہید ہوگئے۔
ڈی ایس پی علی رضا شہید چوہدری اسلم کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے اور گزشتہ کئی سالوں سے سی ٹی ڈی میں تعینات تھے۔
شہید ڈی ایس پی نے لیاری گینگ وار ، کالعدم تنظیموں اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا تھا، وہ سی ٹی ڈی سمیت مختلف تھانوں کے ایس ایچ او بھی تعینات رہ چکے تھے۔
کراچی پولیس کے مطابق ڈی ایس پی علی رضا اپنے دوستوں سے ملنے آئے تھے، انہوں نے اپنی گاڑی پارک کی اور اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے جہاں 2 حملہ آور پہلے سے ہی موجود تھے اور انہوں نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کر دی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان علی رضا کا انتظار کر رہے تھے اور جائے وقوعہ سے 11 خول ملے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نےعلی رضا کو ہدف بنا کر سر میں گولیاں ماریں، وہ روزانہ کی بنیاد پر شکیل کارپوریشن پر آتے تھے، آج وہ جیسے ہی شکیل کارپوریشن پہنچے ملزمان نے فائرنگ کردی۔
حکام کے مطابق حملے میں اپارٹمنٹ کا سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی گفتگو
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ کا کہنا تھا کہ افسوسناک واقعہ ہے اور ہم اس کا بدلہ لیں گے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ واقعے کے حوالےسے کوئی بھی بات کرنا قبل از وقت ہوگا، سی ٹی ڈی کے تمام افسران کو دھکمیاں ملتی ہیں، حملےمیں جوبھی ملوث ہے اسے نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے ڈی ایس پی پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیئے فوری اقدامات کیئے جائیں۔
وزیرداخلہ نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سینٹرل سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے علی رضا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہید ڈی ایس پی علی رضا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی علی رضا نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی سکیورٹی گارڈ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔