پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کافی باصلاحیت ہے لیکن انہیں پرفارمنس میں تسلسل لانا ہوگا۔
پاکستان پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہاں آنا بہترین تجربہ ہے ، پاکستان کی کوچنگ کے لیے بے تاب ہوں ، شاہینز کے ساتھ کام کرنے ک تجربہ بھی اچھا ہوگا۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں پاکستان کو ہوم پر شکست ہوئی تاہم، کچھ سیشنز میں پاکستان نے آسٹریلیا میں اچھا کھیلا، پاکستانی ٹیم کافی باصلاحیت ہے لیکن انہیں پرفارمنس میں تسلسل لانا ہوگا۔
جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں تو آپ کو فٹ اور تیار ہونا چاہیے، فٹ ہونا کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود سے کافی بات ہوٸی ہے لیکن ابھی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کے حوالے سے جو اچھا کھیلے گا اس کو موقع ملے گا ، سلیکشن کنڈیشن اور فارم کو دیکھتے ہوٸے کریں گے، گیری کرسٹن سے پاکستان ٹیم کے حوالے سے بات ہوٸی ہے ، جو لڑکے مختلف فارمیٹ کھیل رہے ہیں ان کے لیے بھی پلان بناٸے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہینز ٹیم کے ساتھ جاکر نوجوان کھلاڑیوں کو دیکھنا چاہتا ہوں، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف کنڈیشن کے حوالے سے سلیکشن کریں گے، ہر ایک پلیٸرکے حوالے سے سلیکشن کے اوپر بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائٹ بال کی کپتانی کے حوالے سے میرا کوٸی تعلق نہیں، میں نے پاکستان کے سابق آسٹریلوی کوچز سے بات کی ہے ، شان ٹیٹ اور دیگر کوچز نے پاکستان کے حوالے سے کافی مثبت رپورٹ دی ہے ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپٸن شپ ہمارا اصل ہدف ہے ، اس کے لیے ہمیں بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے، جتنی زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے اتنا فاٸدہ ہوگا۔
جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چیمپٸنز ٹرافی کے انعقاد کی خوشی ہے ، امید ہے بطور ملک پاکستان اچھے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے ، میری ساری توجہ ٹیسٹ ٹیم کو بڑی ٹیموں کے خلاف جیت دلوانے پر ہوگی ، انگلینڈ اپنے طرز کی کرکٹ کھیلتا ہے ، ہم پلیٸرز سے فیڈ بیک لیں گے پاکستان کی کرکٹ کیسی ہے ، ہمیں ڈسپلین اور سمارٹ کرکٹ کھیلنا ہوگی، پاکستان کو فیلڈنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہے، میری کوشش ہوگی فیلڈنگ کے حوالے سے ان پر کام کروں۔
ان کا مزید کہنا تا کہ میں نے دس سال جو ٹیسٹ کرکٹ کھیلی اس پر کافی فخر ہے۔