اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہ بانی پی ٹی آئی سزایافتہ قیدی کےطورپرجیل میں ہیں، زیرالتوا مقدمات پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودمختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پرعمل ہوتا ہے ،بانی پی ٹی آئی کوملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کےمطابق تمام حقوق حاصل ہیں ۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ قیدی کےطور پرجیل میں ہیں ،کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کوریلیف ملناشفاف اورمنصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کامظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین ، قانون، عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی ، جانبدارانہ اور عدل کےمنافی کہلائےگا ۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی حراست کا فیصلہ من مانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف وزری قرار دیا تھا۔