بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں فتح کے بعد ٹیم پر پسوں کی بارش کردی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو بارباڈوس میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ساؤتھ افریقہ کو شکست دے کر دوسری بار مختصر ترین فارمیٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
ساؤتھ افریقہ کی ٹیم بھارت کی جانب سے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی اور اسے 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹائٹل جیتنے کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے کھلاڑیوں کے لئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں سربراہ بورڈ جے شاہ کی جانب سے بھارتی ٹیم کے لئے 125 کروڑ بھارتی روپے یعنی تقریباً 4 ارب پاکستانی روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا۔
جے شاہ کی جانب سے تمام کھلاڑیوں ، کوچز اور سپورٹ سٹاف کو مبارکباد پیش کی گئی اور کہا گیا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بے مثال صلاحیت، عزم اور اسپورٹسمین شپ کا مظاہرہ کیا۔