ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کا فائنل بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کل بارباڈوس میں شیڈول ہے جس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی گئی ہے ۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آجکل کیریبیئن خاص طور پر بارباڈوس میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ورلڈ کپ 2024 موسم کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے، دونوں فائنلسٹ ٹیموں اور آفیشلز کو بارش کی وجہ سے ایئر پورٹ پر تقریباً 6 گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میچ کے لیے بھی موسم کی صورتحال بدستور سازگار نہیں ہے، 29 جون بروز ہفتہ کے لیے بھی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
اگر بارش کے باعث میچ متاثر ہوتا ہے یا میچ شروع ہونے میں تاخیر ہوتی ہے تو اضافی 190 منٹ کا استعمال کرتے ہوئے میچ کو مکمل کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے سیکنڈ بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے کم از کم 10 اوورز کھیلنا ضروری ہے۔
اگر دونوں ٹیموں کو کم از کم 10 اوورز کھیلنے کا موقع نہیں ملتا تو گائیڈ لائنز کے مطابق میچ ’ریزرو ڈے‘ کو کھیلا جائے گا۔
بارباڈوس میں ہونے والے فائنل میچ میں شیڈول میچ ’واش آؤٹ‘ ہونے کی صورت میں اتوار 30 جون کو ایک ریزروڈے رکھا گیا ہے، مقررہ دن میچ مکمل کرنے کے لیے اضافی 190 منٹ مختص کیے گئے ہیں، اگر میچ 29 جون کو مکمل نہیں ہوسکا تو یہ 30 جون کو وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے رکا تھا، ضرورت پڑنے پر کم اوورز کے ساتھ میچ مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ریزرو ڈے پر کسی فاتح کا تعین نہیں ہوتا تو میچ کو بے نتیجہ تصور کیا جائے گا، اور اس صورت میں دونوں ٹیموں، بھات اور جنوبی افریقہ کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔
ایکو ویدر نے بارباڈوس میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ میچ کے اوقات میں بارش کے 20 سے 47 فیصد امکانات کی پیش گوئی کی، مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے سے صبح 5 بجے تک اور پھر دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔