قومی اسمبلی نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق ترمیم کثرت رائے سے منظور کرلی۔
جمعہ کو اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم لیوی سے متعلق ترمیم کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔
اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے پیش کردہ ترمیم کے حق میں 170 ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں 84 ووٹ ڈالے گئے۔
ووٹنگ کے بعد لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد 50 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی ترمیم منظور ہوئی۔
پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد 70 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی ترمیم منظور کی گئی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2025 کے وفاقی بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کو موجودہ 60 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 80 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم حکومت وقفے وقفے سے 20 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد کرے گی۔