پنجاب کابینہ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اور ڈاکٹرز کے الاؤنس میں اضافے سمیت اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
منگل کو وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دسواں اجلاس ہوا ، چار گھنٹے طویل جاری رہنے والے اجلاس میں چھپن نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ، ڈاکٹرز کیلئے الاؤنس بڑھانے اور وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عارضی بنیادوں پر فوری تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔
پنجاب میں سکھ آنند میرج رولز 2024کی منظوری دی گئی اور وزیر اقلیتی امور نے بتایا کہ پنجاب دنیا بھرمیں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
اجلاس میں بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت اور ٹی ایچ کیو کوارٹر اسپتالوں میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز کےالاؤنس میں اضافہ کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹرز کو نائٹ ڈیوٹی پر 7 ہزار، ساڑھے 7 ہزار اور 8 ہزار تک نائٹ الاؤنس ملے گا۔
کابینہ نے کاشتکاروں کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہا۔
اجلاس میں 8 ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی اور دیگر ریونیو سروسز کے لئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ چنگ چی اور رکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
علاوہ ازیں یتیم طلبہ کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی اور وزیر اعلیٰ نے یتیم طلبا کو الیکٹرک بائیک دینے کیلئے پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔