بھارتی سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے والد نے محمد شامی کے ساتھ شادی کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت رد عمل جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا میں کچھ عرصہ سے افواہیں اور پوسٹ وائرل ہو رہی ہیں جس میں ثانیہ مرزا کی محمد شادی کے ساتھ شادی کی افواہوں کو اچھالا جارہا ہے تاہم سابق ٹینس سٹار نے اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا لیکن اب ان کے والد نے میدان سنبھالا ہے ۔
ثانیہ مرزا کے والد نے بھارتی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران اس کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ’’ یہ سب بکواس ہے ، میری بیٹی تو آج تک محمد شامی سے ملی تک بھی نہیں ہے ‘ ۔
رواں سال جنوری میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان طلاق کی تصدیق اس وقت ہوئی جب پاکستانی کرکٹر نے اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ شادی کی تصاویر جاری کیں لیکن اس وقت بھی پہلی شادی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
اس معاملے پر ثانیہ مرزا کی جانب سے بھی کوئی فوری رد عمل سامنے نہیں آیا تاہم 21 جنوری 2024 کو بھارتی سابق ٹینس سٹار کی بہن نے انسٹاگرام پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں طلاق کی تصدیق کی گئی ۔
ثانیہ مرزا کی بہن نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ’ ثانیہ نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو لوگوں سے دور رکھاہے لیکن آج یہ بات بتانے کی ضرورت ہے کہ دونوں میں کچھ ماہ قبل طلاق ہو چکی ہے ، انہوں نے شعیب ملک کی نئی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ‘ ۔