پشاور ہائی کورٹ نے پولیس کو افغان موسیقاروں کو آئندہ سماعت تک ہراساں نہ کرنےکا حکم دیدیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں افغان فنکاروں کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی۔ پشاورہائی کورٹ کے جسٹس اعجازانور پرمشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔
جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ ان کا کیس کیا ہے، یہ کیا چاہتے ہیں؟ افغانستان میں آپ کو کوئی مسلہ ہے؟ کیا آپ پاسپورٹ ویزہ پرآئے ہیں؟ آپ نے وفاقی حکومت سے اس معاملے پر بات کی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ موسیقار افغانستان سے آئے ہیں ہماری استدعا ہےکہ ان کو پاکستان سے نہ نکالا جائے۔ وہاں پر انکی جان کو خطرہ ہے اسلئے یہاں پر آئے ہیں انھوں نے یواین ایچ سی آرمیں اپلائی کیا ہے، ان کا کیس وہاں پر زیرالتوا ہے۔
عدالت نے پولیس کو افغان موسیقاروں کو آئندہ سماعت تک ہراساں نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایڈوکیٹ عامرجاوید کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔