یوٹیوبر عمران ریاض خان کے الزمات پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔
سماء کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ نہ تو میں سلیکٹر ہوں، نہ کوچ ہوں میں تو اس سسٹم کا حصہ ہی نہیں ہوں۔ حیرت ہوتی ہے کہ لوگ جھوٹ کو کس طرح بیچتے ہیں، یہ لوگ اپنے اولاد کو حلال رزق کہلاتے ہے کہ نہیں کھلاتے؟ یہ لوگ کس طرح جھوٹ پھیلاتے ہیں سمجھ سے باہر ہے۔ آپ کو اتنے لوگ فالو کرتے ہیں اور آپ لوگوں میں جھوٹ پھیلاتے ہوں تو آپ کہاں اسٹینڈ کرتے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کل رات کو پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ایک سینئر رہنما سے بات ہورہی تھی تو کہا کہ لالا، سوری وہ چیزیں سوشل میڈیا پہ ہورہی ہے، ہم خود بھی تنگ ہیں لیکن آپ کو رپلائی نہیں کرنا چایئے تھا۔ تو میں نے کہا کہ کیوں نہیں کرنا چایئے تھا؟ تو انہوں نے کہا کہ وہ (عمران ریاض) جب سے بیچارا باہر آیا ہے وہ مینٹلی اسٹیبل نہیں ہیں۔ تو میں نے کہا کہ مجھے تو اس چیز کا پتہ نہیں تھا اگر ایسا ہے تو اللہ انہیں صحت دے۔
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ کے اتنے زیادہ فالورز ہوں تو آپ کے الفاظ تیر سے بھی زیادہ خطرناک ہوتے ہیں کیونکہ کمان سے نکلے تیر کو واپس لانا مشکل کام ہے، جو آپ کہہ رہے ہوں کیا آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے؟ کیا سورس ہے جو آپ اتنے کانفیڈنس سے اتنا بڑا جھوٹ بول رہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو ایسے قوانین آنے چایئے جو جھوٹ پھیلانے والوں کے سوشل میڈیا اکاونٹس بند کیے جائے یا جرمانہ کیا جائے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ کوئی قانون ہی نہیں ہے اگر کوئی قانون ہوگا تو ہم کچھ کر پائیں گے، ہماری تو عدالتوں میں بھی سیاست پہنچ گئی ہے۔