پنجاب کی مویشی منڈیوں میں اس سال بیوپاری 6 لاکھ سے زائد بڑے جانوروں سمیت 18 لاکھ سے زائد جانور لیکر آئے۔ لاہور کی مویشی منڈیوں میں لائے گئے سب سے زیادہ 7 لاکھ 72 ہزار جانور بک گئے۔
محکمہ بلدیات نے 9 ڈویژنز کے اعداد وشمار جاری کر دیئے، اعداد وشمار کے مطابق پنجاب کی مویشی منڈیوں 18لاکھ سے زائد جانورآئے، صوبے کے 9 ڈویژنز میں 12 لاکھ چھوٹے جبکہ 6 لاکھ 12ہزار بڑے جانور آئے۔
فیصل آباد میں 2لاکھ 16ہزار، گوجرانوالہ میں 1لاکھ 24ہزارجانورآئے، ملتان کی مویشی منڈی میں1لاکھ 46ہزارجبکہ ساہیوال میں 76 ہزار جانور لائے گئے جبکہ راولپنڈی 94ہزار،سرگودھا میں 1لاکھ 3ہزارسے زائد جانور لائے گئے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیانی مقام بھاٹہ چوک میں جڑواں شہروں کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگائی گئی۔ جہاں تقریباً 90 فیصد جانور بک گئے۔
سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں کے مطابق منڈیوں میں آنے والے جانوروں اور بیوپاریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، لوکل گورئمنٹ اور ضلعی انتظامیہ نے غیرقانونی سیل پوائنٹس کیخلاف کارروائی کی۔
کراچی
دوسری جانب کراچی میں ناردرن بائی پاس پر ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں بیشتر جانور بک گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ناردرن بائی پاس کی مویشی منڈی میں اس بار 2 لاکھ کے قریب جانور لائےگئے تھے جن میں سے ڈیڑھ لاکھ گائے تھیں اور 40 ہزار کے قریب بکرے تھے جب کہ سیکڑوں کی تعداد میں اونٹ اور دنبے بھی لائے گئے۔ منڈی انتظامیہ کے مطابق بیشتر جانور فروخت ہوچکے ہیں۔