حکومت نے بجٹ 2024-25 میں سولر پینل انڈسٹری کے فروغ کیلئے درآمد پر رعایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بجٹ منظوری کے بعد ملک میں سولر پینلز کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق حکومت کی جانب سے برآمد کرنے اور مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے سولر پینلز تیار کرنے کی غرض سے پلانٹ، مشینری اور اس کے ساتھ منسلک آلات اور سولر پینلز، انورٹرز اور بیٹریوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال اور پرزہ جات کی درآمد پر رعایتیں دی جارہی ہیں تاکہ درآمد شدہ سولر پینلز پر انحصار کم کیا جاسکے اور قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے۔
یاد رہے کہ رواں سال ملک میں سولر پینل کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب رعایت کی صورت میں قیمتوں میں مزید 20 فیصد کمی کا امکان ہے۔ سولر پینل کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت سولر پینل کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی آئی جبکہ حکومت کی جانب رعایت کی صورت میں قیمتوں میں مزید 20 فیصد کمی آسکتی ہے۔
شہری بھی سولر پینل کی قیمتوں میں کمی پر خوش ہیں، کہتے ہیں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب یہ غریب کے بس کی بات نہیں رہی ۔ایسے میں سولر پینل ہی انرجی کے حصول کا سستا ذریعہ ہے۔