سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس جاری ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور کرلی۔ نان فائلرز اب بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔
چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کیخلاف انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت کارروائی ہوگی، حج، عمرہ، چھوٹے بچوں، طلباء اور نائیکوپ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو استثنی ہوگا۔ نان فائلرز کی موبائل سمز، بجلی اور گیس کنکشن بھی منقطع کیئے جائیں گے۔
سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نان فائلرز کے بیرون سفر پر پابندی کا مطلب ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام آنا ہی سمجھا جائے، نان فائلرزپر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی زیادہ ہے، ان کی موبائل سمز اور بزنس بھی بند کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ 5 لاکھ نان فائلرز کی فہرست میں سالانہ 20 لاکھ سے زیادہ آمدن والے لوگ ہیں، ماضی یہ لوگ ٹیکس ریٹرن میں اپنی آمدن ظاہر کر چکے ہیں۔ صرف گاڑی، پلاٹ یا گھر خریدنے کیلئے وقتی فائلر بننے والوں کو بھی اضافی ٹیکس دینا ہوگا۔