ایوان بالا کے اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سینیٹر عبدالشکور خان نے سود کے بارے ہندو رکن کی بات پر خود کو علامتی تھپڑ مار لیا۔
جمعرات کو ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس کے دوران انہوں نے سینیٹ کی بحث کے دوران متعلقہ وزراء اور افسران کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ متعلقہ وزراء اور افسران غیر حاضر ہوئے تو سخت رولنگ دوں گا۔
اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں ہندو رکن سینیٹر دنیش کمار نے سود کے حوالے سے اللہ کا حکم سنایا تو سینیٹر عبدالشکور خان نے دوران خطاب اپنے منہ پر علامتی تھپڑ مار لیا۔
عبدالشکور کا کہنا تھا کہ آج ہندو رکن سینیٹر دنیش کمار نے ایوان کو سود کے بارے اللہ کا حکم سنایا، سود کے حوالے سے ہندو رکن کی بات پر خود کو علامتی تھپڑ مارتا ہوں ، سود پر ہمیں اللہ تعالیٰ کی حکم عدولی نہیں کرنی چاہیے۔