اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
جمعرات کو وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے 5 ہزار 446 ارب کا صوبائی بجٹ پیش کیا جسے ٹیکس فری قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی سرپرستی ، وزیر اعظم شہباز شریف کی رہنمائی اور وزیر اعلیٰ کی قیادت میں متوازن بجٹ پیش کیا گیا ہے جس میں غربت کے خاتمے سمیت تمام عوامی مسائل کے حل موجود ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پنجاب بجٹ میں تعلیم ، صحت اور سماجی تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ بجٹ سے تمام شعبہ ہائے زندگی سمیت محروم معیشت طبقات کو ریلیف حاصل ہوگا، بجٹ میں صنعت اور زراعت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، عوام کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی پیکج پر اپوزیشن کی تنقید بے سود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن جب سے اقتدارمیں آئی ہےعوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ ملک کے حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔