سعودی عرب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے پروازوں کی بروقت روانگی اور آمد کو یقینی بنائے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے پروازوں میں تاخیر پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) سمیت دیگر ایئر لائنز کو تنبیہ کردی۔
جی اے سی اے کی جانب سے مجموعی طور 26 ایئر لائنز کو وارننگ لیٹر جاری کئے گئے ہیں اور کہا گیا کہ ایئر لائنز نے پرفارمنس ٹھیک نہیں کی تو ان کے سلاٹس کم کردیئے جائیں گے۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے تنبیہ میں مزید کہا ہے کہ پی آئی اے اپنی پروازوں کی وقت پر آمد اور روانگی یقینی بنائے، بصورت دیگر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، طیارے خراب ہونے کی وجہ سے پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے عمرہ زائرین سمیت دیگر افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔