بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے تہنیتی پیغام کا جواب دے دیا۔
یاد رہے کہ نریندر مودی حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلسل تیسری بار بھارتی وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے اتوار کے روز عہدے کا حلف اٹھایا۔
مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نریندر مودی کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی تھی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مودی کو مسلسل تیسری بار وزیر اعظم بننے پر گرمجوشی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نواز شریف نے کہا کہ الیکشن میں مسلسل تیسری بار کامیابی بھارتی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئیں ہم نفرت کو امید سے بدل کر اسے دو ارب انسانوں کی ترقی کا موقع بنائیں۔
مودی کا رد عمل
نواز شریف کے تہنیتی پیغام پر رد عمل دیتے ہوئے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کی بہتری اور سیکیورٹی ہماری اولین ترجیح رہے گی۔
مودی کا مزید کہنا تھا کہ نیک خواہشات پر آپ کا شکرگزار ہوں۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی گئی تھی۔