,پنجاب حکومت کی جانب سےبنایا گیا ہتک عزت کا قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا درخواست میں ہتک عزت کے قانون کو کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست صحافی جعفر احمد یار اور راجا ریاض نے ماہر قانون ندیم سرور کے ذریعے دائر کی،درخواست میں پنجاب حکومت، وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست گزار صحافی جعفر احمد یار اور راجا ریاض نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہتک عزت قانون آئین اور قانون کے منافی ہے ،ہتک عزت آرڈینیس اور ہتک عزت ایکٹ کی موجودگی میں نیا قانون نہیں بن سکتا ۔
درخواست گزار صحافیوں نے اپنے موقف میں مزید لکھا کہ ہتک عزت کا قانون جلد بازی میں صحافیوں اور میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے لایا گیا ہے ،ہتک عزت قانون میں صحافیوں سے مشاورت نہیں کی گئی ۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت ہتک عزت کے قانون کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ہتک عزت قانون پر عملدرآمد روکا جائے ۔
واضح رہے کہ آج قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے ہتک عزت بل 2024 کے مسودے پر دستخط کیے،اورہتک عزت کا بل منظور کرلیا ،ہتک عزت بل گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد نافذ العمل ہوجائے گا۔