دورہ چین پر موجود وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت جام کمال نے مختلف چینی کاروباری سربراہان سے ملاقات کی۔ ای کامرس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان اور بیجنگ کے ساٹھ سال پرانے سی زیڈ کے ہورائے گروپ کا اجلاس ہوا۔ عبدالعلیم خان سے ٹینگشن ڈونگھا آئرن اسٹیل گروپ کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ اسٹیل ملز اور آئرن کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان نے چینی حکام کو مکمل سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چین سے سرمایہ کاری اہمیت کی حامل ہے۔ ای کامرس پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں بزنس کا اصل مستقبل ہے۔
وفاقی وزرا کی چینی کاروباری سربراہان سے ملاقاتوں کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں زیادہ سے زیادہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بیجنگ میں کامیاب سیشن ہوئے۔ انفراسٹرکچر، جدید زراعت،لاجسٹک،سپلائی چین مارکیٹ اور ہیلتھ کئیر کے شعبے شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق آرٹیفشل انٹیلی جنس، سائنس و ٹیکنالوجی اور اشیا کی تجارت میں بھی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دورہ چین کے دوران بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران ایک بڑی پیشرفت بھی سامنے آئی کہ دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کی اپ گریڈیشن اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے پاک چین دوستی قابل فخر قرار دی اور کہا کہ پاکستان اور چین اچھے شراکت دار ہیں جو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، دونوں ہمسایہ دوست ممالک اچھے بھائی ہیں جو ایک دوسرے کے غم اورخوشی میں شریک ہوتے ہیں۔