جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سب متحد ہیں۔ موسم کی تبدیلی خوراک کی قلت کا باعث بن رہی ہے۔
سپریم کورٹ میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2022 میں پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا سیلاب آیا جس نے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا۔ تباہ کن سیلاب سے ملک کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار دنیا کا پانچواں ملک ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں پانی کی قلت بڑھ رہی ہے۔ ملک کو خشک سالی اور تباہ کن سیلاب جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ موسم کی تبدیلی لوگوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کو بھی ماحولیاتی تبدیلیوں نے متاثر کیا ہے۔ کلائمیٹ فنڈز کے بغیر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہیں نمٹا جاسکتا۔