سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔
قرار داد استحکام پاکستان پارٹی کے ممبر اسمبلی شعیب صدیقی نے جمع کروائی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے، فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور منفی پراپیگنڈہ کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کا دن المناک، افسوسناک،دلخراش، نا قابل فراموش سانحہ اور سیاہ ترین باب ہے۔ ریاست، ملکی سلامتی، اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف گھناؤنی سازش بے نقاب ہوگئی۔امن و امان کی صورتحال بگاڑنے اور عوام اور اداروں میں تصادم کرانے والوں کوسزا ملنی چاہیے۔ جناح ہاؤس سمیت دیگر شہروں میں تباہی پھیلانے والوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
قرارداد میں واضح کیا گیا کہ عوام اور پنجاب اسمبلی کا ایوان قوم ملکی سلامتی، معیشت کی ترقی اور اداروں کے تقدس کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔